آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے واضح کيا ہے کہ پاک فوج مادر وطن کے دفاع کیلئے ہر وقت تیار ہے، خطے میں امن اور خوشحالی مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے، اگر بھارت کو یہ حقیقت سمجھ میں آئے تو بہتر ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایل او سی کا دورہ کيا، جنرل آفیسر کمانڈنگ نے لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر بریفنگ دی، بھارت کی سیز فائر کی خلاف ورزیوں اور جوابی کارروائی سے آگاہ کیا۔
سپہ سالار نے ایل او سی پر تعینات جوانوں سے بھی ملاقات کی، جوانوں کی تیاریوں اور بلند حوصلے کو سراہا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ ایل اوسی کے دونوں جانب بھارتی فوج شہریوں کو نشانہ بنارہی ہے، کشمیریوں کا حوصلہ قابل ستائش ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج مادر وطن کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، جنگ بندی کی خلاف ورزیوں میں اضافہ اور اشتعال انگیز بیانات دیئے گئے، خطے میں امن اور خوشحالی مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے، بھارت کو یہ حقیقت سمجھ میں آئے تو بہتر ہے۔