لاپتہ سی ڈی اے افسر ایاز خان ڈیرہ اسماعیل خان سے مل گئے، انہوں نے ویڈیو پیغام کے ذریعے اپنی خیریت سے آگاہ کر دیا۔
سماء کے نمائندہ خصوصی فخر الرحمن کے مطابق ویڈیو پیغام میں ایاز خان نے کہا کہ موبائل فون گم ہونے کی وجہ سے رابطہ نہیں کر سکا تھا۔
مزید پڑھیے: اسلام آباد سے ڈپٹی ڈائریکٹر سی ڈی اے ایاز خان لاپتہ
انہوں نے کہا کہ ڈی آئی خان میں رشتہ داروں کے پاس خیریت سے ہوں، میری وجہ سے اداروں اور حکومت کو بدنام نہ کیا جائے۔
ایاز خان اہل خانہ کو اطلاع دیئے بغیر اسلام آباد میں اپنے دفتر سے ڈی آئی خان چلے گئے تھے۔
ان کی گمشدگی کے چند گھنٹوں بعد ہی ویڈیو پیغام جاری کیا گیا تھا۔ ویڈیو میں انکا کہنا ہے کہ میں محمد ایاز خان محسود اور سی ڈی اے میں ڈائریکٹر ہوں ، میں ڈیرہ اسماعیل خان میں اپنے رشتہ داروں کے گھر موجود ہوں اور بالکل ٹھیک ٹھاک ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی گمشدگی کی افواہیں سنیں، میرا فون گم ہوگیا ہے، جنہوں نے بھی میرے لیے پریشانی کا اظہار کیا میں ان سب کا مشکور ہوں۔
اس سے پہلے آج جمعے کو ایاز خان کے پرسنل اسسٹنٹ نے بتایا تھا کہ وہ دن میں ڈھائی بجے دفتر سے نکل گئے تھے، اس کے بعد ان سے کوئی رابطہ نہیں ہوسکا۔ ایاز خان کی اہلیہ نے بھی آبپارہ پولیس اسٹیشن میں ان کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی تھی۔
آج جمعے کو ایاز خان کی بیٹی کی شادی ہے۔