وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے فی الحال بھارت سے مذاکرات کو خارج از امکان قرار دے دیا، بولے انتخابات تک بھارت بات چیت کیلئے رضامند نہیں۔ خارجہ امور کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ آسیہ بی بی پاکستان میں ہیں، معاملہ عدالت میں ہے مزید بات کرنا مناسب نہیں۔
سینیٹ کمیٹی برائے خارجہ امور کو موجودہ حکومت کی خارجہ پالیسی اور وزیراعظم کے دوروں پر تفصیلی بریفنگ کے بعد وزیر خارجہ نے صحافیوں کو بتایا کہ مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر یورپی پارلیمنٹ کی رپورٹس کی روشنی میں 5 فروری کو لندن میں کانفرنس کا انعقاد کریں گے، جس میں تمام پارلیمانی جماعتوں کو سیاسی مفادات سے بالاتر ہوکر شرکت کی دعوت دی جائے گی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات کیلئے کوئی بریک تھرو متوقع نہیں، دیکھنا ہوگا کہ بھارت میں نئی حکومت کونسی آتی ہے اور ان کی ترجیحات کیا ہوں گی۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کمیٹی کو یمن ثالثی ایران اور سعودی عرب کے ساتھ تعلقات سمیت افغان امن عمل کے سلسلے میں کی جانے والی کاوشوں پر اعتماد میں لیا ہے تاہم وزیر خارجہ نے ڈی ایس پی طاہر داوڑ کے افغانستان میں قتل کے معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔
I spoke to the Prime Minister of Pakistan @ImranKhanPTI. He assured me that Asia Bibi and her family are safe and well. We fully agreed on the need to respect all religions, everywhere in the world. pic.twitter.com/hdUB8HAaBX
— Antonio Tajani (@EP_President) November 13, 2018
گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان سے یورپی پارلیمنٹیرین کے صدر نے رابطہ کرکے آسیہ بی بی سے متعلق گفتگو کی، اپنے ٹویٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی وزیراعظم نے یقین دلایا ہے کہ آسیہ بی بی اور ان کا خاندان محفوظ اور ٹھیک ہے۔
ہمارے درمیان اس پر اتفاق ہوا کہ دنیا بھر میں ہر جگہ تمام مذاہب کا احترام ضروری ہے۔