Monday, May 16, 2022  | 1443  شوّال  14

وفاقی کابینہ کا اجلاس، صدر نیشنل بینک کو ہٹانے سمیت بڑے بڑے فیصلے

SAMAA | - Posted: Aug 28, 2018 | Last Updated: 4 years ago
SAMAA |
Posted: Aug 28, 2018 | Last Updated: 4 years ago

وفاقی کابینہ نے صدر نیشنل بینک سعید احمد کو ہٹانے کی منظوری دے دی، شجر کاری مہم تیز کرنے کے ساتھ ملک بھر میں 10 ارب درخت لگانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ وزیر اطلاعات فواد چوہدری کہتے ہیں کہ سعید احمد اربوں روپے کی منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں، کابینہ اجلاس میں نیب قانون کو مؤثر بنانے کیلئے ترامیم کا فیصلہ بھی کیا گیا، جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے کمیٹی قائم کردی گئی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں نیشنل بینک کے صدر سعید احمد کو عہدے سے ہٹانے کی منظوری دی گئی جبکہ ملک بھر میں شجر کاری مہم تیز کرنے کا فیصلہ اور ملکی معاشی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کابینہ اجلاس کے فیصلوں کی تفصیلات بتائیں، ان کا کہنا تھا کہ نیشنل بینک کے صدر سعید احمد کو ہٹانے کی منظوری دے دی گئی، وہ اربوں روپے کی منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں، سعید احمد کیخلاف قانونی کارروائی ہورہی ہے۔

وہ بولے کہ کابینہ نے نیب قانون کو مؤثر بنانے کیلئے ترامیم کا فیصلہ کیا ہے، نیب قوانین میں ترامیم کیلئے وزیر قانون فروغ نسیم کی سربراہی میں ٹاسک فورس بنادی، جو سول قانون میں ترمیم کیلئے کام کرے گی، احتساب کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ فاٹا کا انضمام ہمارے 100 روزہ پلان کا حصہ تھا، اس مقصد کیلئے ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے جس میں گورنر، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، وزیر دفاع اور مشیر اسٹیبلشمنٹ شامل ہوں گے، فاٹا کے انضمام کے معاملے میں تیزی کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

وزیر اطلاعات کہتے ہیں کہ جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے کمیٹی قائم کی گئی، خسرو بختیار اورشاہ محمود قریشی اس کا حصہ ہوں گے، کمیٹی ن لیگ اور دیگر جماعتوں سے بھی رابطہ کرے گی، ایک کروڑ نوکریوں اور 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کیلئے بھی ٹاسک فورس تشکیل دے دی۔

فواد چوہدری کے ہمراہ وزیراعظم کے مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی امین اسلم نے بھی میڈیا سے گفتگو کی، انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے 2 ستمبر کو ملک بھر میں شجر کاری مہم کا آغاز ہوگا، یہ دن پلانٹ فار پاکستان ڈے کے طور پر منایا جائے گا، ایک روز میں 15 لاکھ پودے لگائے جائیں گے، ساتھ ہی ملک بھر میں 10 ارب درخت لگانے کا منصوبہ فوری شروع کرنیکا فیصلہ کیا گیا ہے۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
Facebook Twitter Youtube