Monday, May 16, 2022  | 1443  شوّال  14

وزیرستان:سازش کے تحت خواتین پولنگ اسٹیشن25کلومیٹر دور قائم کئے گئے، محسن داوڑ

SAMAA | - Posted: Jul 18, 2018 | Last Updated: 4 years ago
SAMAA |
Posted: Jul 18, 2018 | Last Updated: 4 years ago

شمالی وزیر ستان کے حلقہ این اے 48 آزاد اُمیدوار محسن داوڑ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف خواتین کو حق رائے دہی سے محروم کرکے اپنے ہی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے جس کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں رٹ دائر کریں گے۔

بنوں سے سما کے نمائندہ خان ضمیر کے مطابق بنوں پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن داؤڑ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے واضح احکامات ہے کہ جس علاقے میں خواتین کا 10فیصد ووٹ کاسٹ نہیں ہوگا وہ نتائج غیر تسلیم شدہ ہونگے لیکن شمالی وزیر ستان میں الیکشن کمیشن نے خود ہی خواتین کیلئے ووٹ کا استعمال ناممکن بنادیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چوتھائی، بانڈہ، ہمزونی اور علی خیل سمیت کئی علاقوں کی خواتین کے پولنگ سٹیشن 20 سے 25 کلومیٹر دور کینٹ ایریا میں قائم کئے ہیں جبکہ مردوں کیلئے اپنے ہی علاقوں میں پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں جس سے یہ صاف ظاہر ہوتا ہے کہ خواتین کو ووٹ استعمال کرنے کے حق سے محروم رکھنے کی سازش کی گئی ہے۔

محسن داوڑ نے کہا کہ مذکورہ علاقوں میں سرکاری عمارتیں موجود ہیں جہاں پر مردوں کیلئے تو پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے مگر خواتین کیلئے نہیں جس کے وجہ سے خواتین اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے نہیں جا سکیں گی کیونکہ پولنگ سٹیشن نہ صرف دور دراز علاقے میں بلکہ ایک ایسے ایریا میں قائم کئے گئے ہیں جہاں عام حالات میں بھی جانا مشکل ہوتا ہے۔ یہاں پر ہر گاڑی اور ہر فرد کی الگ الگ تلاشی لی جاتی ہے تو الیکشن کے دن تو خصوصاً خواتین کا جانا نا ممکن ہوگا۔

 انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے آئندہ انتخابات کیلئے نیا رزلٹ ٹرانزیکشن قانون بنایا گیا ہے مگر شمالی وزیرستان میں تاحال کسی قسم کی تربیت نہیں دی گئی ہے جس کے باعث پرانے سسٹم کے تحت نتائج دیئے جائیں گے جس میں پر ہمیں تحفظات ہیں۔

 آزاد امیدوار نے کہا کہ ایسے اقدامات سے خواتین کے ووٹ کا ٹرن آوٹ نہ ہونے کے برابر ہوگا۔ حق رائے دہی کا استعمال خواتین کا حق ہے۔ اس سلسلے میں ہم نے الیکشن کمیشن سمیت متعلقہ اداروں تحریری درخواستیں بھی دی ہیں جس پر عمل درآمد نہیں ہورہا ہے۔ جس کا مطلب ہے کہ الیکشن کمیشن نے ہی ایسا غیر قانونی اقدام اُ ٹھایا ہے۔

 محسن داوڑ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے اس اقدام کے خلاف پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کریں گے۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube