گوجرانوالہ میں تحریک انصاف نے مضبوط ترین امیدوار کی بجائے سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کے بھائی کو ٹکٹ دے دیا، بلال اعجاز کی شکایت پر امیدواروں کی فہرست میں ان کا نام ڈال دیا گیا۔ فواد چوہدری نے فہرست میں تبدیلی کی تصدیق کردی تاہم سابق امیدوار کے اعتراض کے سوال کا جواب دینے سے کتراتے رہے۔
پاکستان تحریک انصاف نے ٹکٹوں کی تقسیم پر حیرت انگیز فیصلہ کیا، این اے 84 گوجرانوالہ سے مضبوط ترین رہنماء رانا بلال اعجاز کی جگہ سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کے بھائی ڈاکٹر عامر حسن کو امیدوار نامزد کردیا، جس نے کئی سوالات کھڑے کردیئے۔
سماء سے گفتگو کرتے ہوئے رانا بلال اعجاز نے بتایا کہ میری شکایت پر عمران خان نے نوٹس لے لیا اور مجھے ٹکٹ دینے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ بلال اعجاز نے 2013ء میں 70 ہزار سے زائد ووٹ لئے تھے۔
سماء نے اس حوالے سے رابطہ کیا تو ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے اپنی فہرست درست کرلی ہے، بلال اعجاز کو امیدوار نامزد کردیا گیا ہے۔
سماء کے سوال کہ کیا بلال اعجاز نے عمران خان سے اس حوالے سے شکایت کی تھی، پر فواد چوہدری جواب دینے سے کتراتے رہے اور غصے میں فون بند کردیا۔
پاکستان تحریک انصاف میں عام انتخابات کیلئے ٹکٹوں کی تقسیم پر کافی بدمزگی سامنے آرہی ہے، کراچی میں بھی اس حوالے سے مقامی رہنماء ایک دوسرے کی مخالفت میں کھل کر سامنے آچکے ہیں۔