اسلام آباد : پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں جہاں ابر کرم رحمت بن کر برسا، وہیں یہ رحمت کچھے مکانوں پر زخمت بن کر ٹوٹ پڑی، مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے، دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور آندھی کی پیش گوئی کردی۔ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز بارش اور آندھی نے گرمی کا زور توڑ ڈالا، محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، راول پنڈی، اسلام آباد، خیبر پختو نخوا، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔دوسری جانب کوئٹہ، ژوب، ملتان، ڈی جی خان اور ساہیوال میں چند مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ آندھی کا امکان ہے، ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔میٹ آفس کے مطابق کراچی کا موسم آج جزوی ابر آلود اور گرم رہے گا، شہر کی فضاؤں پر بادلوں کی چھوٹی چھوٹی ٹولیاں گشت کررہی ہیں، گزشتہ روز بوندا باندی بھی ہوئی، لیکن آئندہ چوبیس گھنٹوں میں کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے، آج کراچی کا درجہ حرارت چھتیس ڈگری سینٹی گریڈ، جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب انسٹھ فیصد رہنے کا امکان ہے۔ سماء