کشمیر/ ایل او سی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ بھارت مایوسی میں کشمیری عوام کیخلاف جارحیت کررہا ہے، فوجی روایات اور اقدار کے مطابق بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینگے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر حاجی پیر سیکٹر کا دورہ کیا، دورے کے دوران آرمی چیف کو ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں سے متعلق بریفنگ دی گئی، جب کہ پاک افواج کی آپریشنل تیاریوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر جوانوں اور افسروں سے خطاب میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کا تشدد ہر لحاظ سے ریاستی تشدد ہے، بھارتی جارحیت سے آزاد کشمیراور پاکستان میں عوامی جذبہ بڑھ رہا ہے، پاکستان نہتے کشمیری بچوں اور خواتین پر بھارتی مظالم پر لاتعلق نہیں رہ سکتا۔