اسلام آباد: ڈان لیکس اسکینڈل میں ڈان اخبار کے اسسٹنٹ ایڈیٹر ظفر عباس اور متنازعہ رپورٹر سرل المیڈا کے خلاف انضباطی کارروائی کا معاملہ آل پاکستان نیوز پیپر ایسو سی ایشن (اے پی این ایس) کو بھجوانےکا حکم دے دیا گیا۔
سیکرٹری وزارت داخلہ فواد حسن فواد کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈان اخبار اور متنازعہ صحافی سرل المیڈا کے خلاف انضباطی کارروائی کا معاملہ آل پاکستان نیوز پیپرز ایسوسی ایشن (اے پی این ایس ) کو بھجوا یا گیا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے اے پی این ایس کو ایسے واقعات سے بچنے کیلئے کوڈ آف کنڈکٹ بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔
اے پی این ایس کو ہدایت کی گئی ہے کہ قومی سلامتی سے متعلق مواد کی تشہیر ادارتی و صحافتی اخلاقیات سے ہم آہنگ کی جائے۔
واضح رہے کہ حکومت نے ڈان لیکس کی انکوائری رپورٹ کے نکات جاری کردیے ہیں۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے ڈان لیکس انکوائری کمیٹی رپورٹ کے 18ویں پیرے کی منظوری دے دی جس کے تحت الزامات کی زد میں آنے والے وزیراعظم نواز شریف کے معاون خصوصی برائے خارجہ امورطارق فاطمی کو عہدے سے ہٹا نے اور پرنسپل راؤ تحسین کیخلاف فوری طور پر تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق راﺅتحسین کے خلاف 1973ءکے رولز کے مطابق محکمانہ کارروائی ہو گی۔ سماء