کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عاشورہ خیروعافیت سے گزرنے پر سندھ کے عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دن رات کی محنت کا نتیجہ ہے۔
جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کا بھی شکر گزار ہوں کہ جنہوں نے امن وامان کی صورتحال کو سنبھالے رکھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں سندھ کے عوام، علماء کرام کا بے حد ممنون ہوں کہ جنہوں نے تمام فر قہ وارانہ اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر امن کی کوششوں میں حکومت کا ساتھ دیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں اللہ پاک کا بھی شکر گزار ہوں کہ جس نے ہم سب کی رہنمائی کی۔ انہوں نے کہا کہ آئیں آج 10 محرم الحرام کو عہد کریں کہ ہم ایک دوسرے کے عقیدے، مذہب، ذات پات اور زبان کا احترام کریں گے اور ایک دوسرے کی مال و ملکیت کی حفاظت کریں گے۔ سماء/اے پی پی