اسلام آباد: افغان طالبان کے ہاتھوں یرغمال بنایا جانے والا پاکستانی ہیلی کاپٹرکاعملہ افغانستان سے پاکستان پہنچ گیا۔ پاکستان واپس پہنچنے والے عملے کے چھ افراد میں ایک روسی اور چھ پاکستانی شامل ہیں۔
دفترخارجہ نے تصدیق کی ہے کہ پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹرعملے کے چھ افراد پاکستان واپس پہنچ گئے۔ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق چاراگست کو افغانستان میں لاپتہ ہونے والے پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹر کا عملہ آج اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔
عملے کو افغانستان میں پاک افغان بارڈر کے قریب چھوڑا گیا تھا جہاں سے انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسلام آباد لایا گیا۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق عملے کے تمام افراد بالکل خیریت سے ہیں ۔
پاکستان پہنچنے والے چھ افراد میں چیف پائلٹ کیپٹن صفدرحسین۔، کیپٹن صفدر اشرف، فرسٹ آفیسر کیپٹں محمد شفیق الرحمان، فلائٹ انجینئرناصرمحمود، کریو چیف محمد کوثر، اور ایک روسی نیویگیٹر شامل ہیں ۔
ترجمان دفترخارجہ پاکستان نفیس ذکریا نے بھی دو روزقبل ہفتہ وار بریفنگ میں ہیلی کاپٹر کے یرغمال بنائے جانے والے عملے کے محفوظ ہونے کی تصدیق کی تھی۔ نفیس ذکریا کا کہنا تھا کہ افغان حکومت کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق عملہ بالکل محفوظ ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت کے ہیلی کاپٹرایم آئی 17 نے چاراگست کو مرمت کیلئے روس جاتے ہوئےافغان صوبے لوگر میں کریش لینڈنگ کی تھی جس کے بعد افغان طالبان نے پائلٹ سمیت عملے کے ارکان کو یرغمال بنالیا تھا۔
واقعے کے بعد آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور وزیراعظم نواز شریف نے افغان حکام سے ٹیلیفونک رابطے کر کے یرغمالیوں کی محفوظ واپسی کیلئے مدد کی درخواست کی تھی۔ سماء