کابل : الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کے مترادف افغانستان نے پاکستان کو ہی کشیدگی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے افغان دفتر خارجہ میں پاکستانی سفیر ابرار حسین کو طلب کرکے احتجاج کر ڈالا۔
ویڈیو : پاک افغان کشیدگی برقرار،میجرجواد شہید،لنڈی کوتل سےکرفیوختم
شاید اسی کو کہتے ہیں کہ چوری اوپر سے سینہ زوری اور اس کا ثبوت دیا ، افغانستان نے، جب خود پیدا کردہ کشیدگی کا ذمہ دار پاکستان کو قرار دیا گیا۔ طورخم بارڈر کے مقام پر برقرار تناؤ اور کشیدگی کو افغانستان نے پاکستان کے سر تھونپ دیا، افغانستان کی جانب سے صرف اسی پر بس نہ ہوا بلکہ افغان دفتر خارجہ میں پاکستانی سفیر ابرار حسین کو بھی طلب کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان دفتر خارجہ کی جانب سے بارڈر پر کشیدگی پر پاکستانی سفیر سے سخت احتجاج کیا گیا، دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق افغان سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ نیا بارڈر مینجمنٹ سسٹم معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔
ویڈیو دیکھیں : افغان فورسز کی فائرنگ،زخمی ہونے والے میجر جواد چنگیزی شہید
واضح رہے کہ پاک فوج کی جانب سے واضحتی بیان میں دو ٹوک بتایا دیا گیا تھا کہ دہشت گردوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کیلئے طورخم گیٹ کی تعمیر انتہائی ضروری ہے، زیر تعمیر گیٹ پاکستانی حدود میں سینتیس میٹراندر واقع ہے، افغان فورسز کی جانب سے تعمیر کئے جانے والے گیٹ کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق زیر تعمیر گیٹ دہشتگردوں کی نقل و حرکت روکنے کیلئے بہت ضروری ہے۔ گیٹ سے آنے جانے والے تمام افراد کی دستاویزات سختی سے چیک کی جائیں گی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے گیٹ کا نقشہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔
دو روز میں افغان فورسز کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ سے میجر جواد علی چنگیزی شہید، جب کہ لیفٹننٹ سمیت 12 اہل کار زخمی ہوئے۔ سماء