کراچی: سعودی عرب میں رمضان کا چاند آج دیکھا جائے گا۔ پشاور کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے بھی مشروط اجلاس بلالیا ۔ کہتے ہیں شہادتیں موصول ہوئیں تو مسجد قاسم علی میں اجلاس ہوگا۔
حجازمقدس اور خلیجی ممالک میں ماہ صیام کا چاند دیکھا جائے گا۔ پاکستان میں چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل محکمہ موسمیات کراچی میں منعقد ہوگا۔ابوظہبی میں آج بعد نماز مغرب کمیٹی کا اجلاس ہوگا جس کی سربراہی جسٹس ڈیپارٹمنٹ کے سلطان بن سعید البدیع کریں گے۔ کمیٹی کے فیصلہ کا اعلان شرعی عدالتیں کریں گی۔ سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے عوام سے کہا ہے کہ رمضان کا چاند دیکھیں۔اورشہادتیں مہیا کریں۔
براعظم امریکا کے کچھ حصوں میں آج چاند دیکھا جاسکتا ہے جبکہ ملائشیا، انڈونیشیا، برونائی، تھائی لینڈ، اورسنگاپور میں بھی رمضان کے چاند کو آج تلاش کیا جائے گا۔
مزید پڑھیے: مفتی پوپلزئی کی ضد برقرار، ایک ہی دن روزہ اور عید کیلئے بیٹھک ناکام
پاکستان میں پشاور کی مسجد قاسم علی خان کے مہتمم شہاب الدین پوپلزئی نے بھی حسب روایت مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس سے ایک روز قبل ہی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ مفتی پوپلزئی کا کہنا ہے کہ اگررمضان المبارک کے چاند کی شہادتیں موصول ہوئیں تو وفاقی وزیرکواگاہ کردیں گے۔
واضح رہے کہ ہربار کی طرح اس بار بھی چاند کے مسئلے پر مفتی پوپلزئی کی ضد برقرار ہے۔ 31 مئی کو بھی پورے ملک میں ہی ایک دن روزہ اورعید کیلئے مفتی پوپلزئی اوروفاقی وزیر سردار یوسف کے درمیان لگائی گئی بیٹھک بنا کسی نتیجے کے ختم ہوگئی تھی۔
مزید پڑھیے: مفتی منیب کی مفتی پوپلزئی کو دعوت
دوسری جانب چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نےمفتی پوپلزئی کواجلاس میں بیٹھنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ کثرت رائے سے جو بھی فیصلہ ہو وہ اسے قبول کریں۔ سماء