کراچی: کراچی میں دہشتگردوں سے نمٹنے کےلئے رینجرز کے خصوصی اختیارات میں مزید نوے دن کی توسیع کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
رینجرز اختیارات کی مدت کے خاتمے سے دس روز پہلے ہی سندھ حکومت کی مشینری سرگرم ہوگئی، جس میں سندھ حکومت نے تین مئی کو ختم ہونے والے رینجرز کے خصوصی اختیارات میں مزید نوے روز کی توسیع کا فیصلہ کرلیا۔
مزید پڑھیں؛ کراچی: رینجرز کی کارروائیاں، ٹارگٹ کلر سمیت چار ملزمان گرفتار
مزید پڑھیں؛ جامعہ کراچی کے ایڈمن بلاک پررینجرز کا چھاپہ
دو روز پہلے یعنی اکیس اپریل کو رینجرز نے اختیارات میں توسیع کے لیے سندھ کے محکمہ داخلہ کو خط لکھا تھا۔ محکمہ داخلہ نے سمری سندھ کے وزیراعلیٰ کو ارسال کردی ہے۔
وزارت داخلہ سندھ کی سمری کے متن کے مطابق وفاق کو چار مئی سے رینجرز اختیارات میں نوے روز توسیع کی منظوری کیلئے سفارشات کی جائیں۔ سمری کے مطابق رینجرز کو خصوصی اختیارات کراچی ڈویژن میں کارروائیوں کیلئے دیئے جائیں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کی منظوری کے بعد سمری وفاق کو ارسال کی جائے گی۔ سماء