اسلام آباد : سانحہ منیٰ میں پاکستانیوں کی شہادت اور گمشدگی کے معاملے پر سینیٹ اجلاس میں گرما گرمی ہوگئی، تسلی بخش جواب نہ ملنے مشترکہ اپوزیشن واک آؤٹ کرگئی، اپوزیشن لیڈر نے حکومت کے استعفیٰ کا مطالبہ کر دیا۔ پرویز رشید کہتے ہیں حکومت اپنی ذمے داری پوری کررہی ہے۔
سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے نکتہ اعتراض پر سانحہ منیٰ کے معاملے پر حکومتی بے حسی کو افسوسناک قرار دیا، اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ متاثرین پریشان گھوم رہے ہیں، حجاج کی تدفین بھی ہوگئی اور ورثاء کو معلوم نہیں۔
اپوزیشن کی تنقید کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے بتایا کہ لاپتہ پاکستانیوں کی تلاش جاری ہے، حج انتظامات پہلے کی نسبت بہتر تھے۔
اپوزیشن ارکان نے حکومتی جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیا اور ایوان سے واک آؤٹ کرگئے۔
وزیر اطلاعات کی کوششوں کے باجود اپوزیشن ارکان ایوان میں واپس نہ آئے تو چیئرمین نے کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس جمعہ کی صبح 10 بجے تک ملتوی کردیا۔ سماء