اسٹاف رپورٹ
لاہور : قدرت کے رنگ نرالے کراچی میں گرمی زوروں پر تو لاہور ميں تیز ہوائیں زوروں پر، آندھی کے باعث مختلف حادثات ميں ماں بيٹی سميت 4 خواتين جاں بحق ہوگئيں، کئی درخت جڑ سے اکھڑ گئے۔
پہلا حادثہ سندر داس روڈ پر پيش آيا، اسلام پورہ آؤٹ فال روڈ کی رہائشی بہنيں 50 سالہ ريحانہ اور 40 سالہ شبانہ رکشہ ميں بيٹھ کر صدر بازار جارہی تھيں، تيز آندھی کے باعث سڑک کنارے لگا درخت رکشہ پر آن گرا، جس سے دونوں خواتين موقع پر ہی دم توڑ گئيں۔
دوسرا حادثہ شام نگر روڈ پرپيش آيا، جہاں زير تعمير مکان کی چھت گرنے سے 27 سالہ قمر النساء، اس کی 3 سالہ بيٹی مطاہرہ اور ايک مزدور عظيم ملبے تلے دب گئِے، ريسکيو ٹيم اور مقامی لوگوں نے انہيں نکال کر اسپتال پہنچايا جہاں ماں، بيٹی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسيں۔
چھت گرنے سے زخمی ہونے والے مزدور عظيم اسپتال ميں زیر علاج ہے۔ سماء