اسٹاف رپورٹ
کھٹمنڈو : نیپال کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں، میڈیکل کور کی ٹیم نے فیلڈ اسپتال قائم کردیا ہے، جب کہ امدادی سامان پہنچانے والے سی ون تھرٹی طیاروں سے مزید انسٹھ پاکستانیوں کی وطن واپسی ہوئی۔
زلزلے سے ملبے کا ڈھیر بنے نیپال میں پاک فوج کی امدادی کارروائیوں میں تیزی آگئی ہے، دو سی ون تھرٹی طیاروں کے ذریعے دو سو فوڈ بیگز، ڈھائی سو خیمے، ایک ہزار کمبل اور دواؤں کے تینتیس کارٹن کٹھمنڈو پہنچا دیئے گئے۔ پاک فوج کی میڈیکل کور کی تیس رکنی ٹیم فیلڈ اسپتال میں مصروف عمل ہے،جب کہ انجینئرنگ کور اٹھارہ رکنی ٹیم میں ملبے میں پھنسے افراد کو تلاش کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
امدادی ٹیموں اور سامان کٹھمنڈو پہنچانے والے طیاروں سے انسٹھ پاکستانیوں کی بھی وطن واپسی ہوئی ہے، جن میں سفارتی عملے کے اہلخانہ بھی شامل ہیں، زلزلے سے زخم زخم نیپال میں دنیا کے دیگر ممالک سے بھی امداد پہنچنے کا سلسلہ جاری ہے، مگر آفٹرشاکس کی وجہ سے امدادی کارروائیاں سست روی کا شکار ہیں۔ سماء