اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد : عوام پر گیس بم گرانے کی تیاری، حکومت گیس چوری تو روک نہیں سکی، چوری شدہ گیس کے پیسے عوام کی جیبوں سے نکالے گی۔
گیس صارفین ہو جائیں تیار کہ سرکار ان کی جیب پر ڈاکہ ڈالنے والی ہے، وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے سوئی ناردرن اور سدرن کے ایم ڈیز سے مل کر پروگرام بنایا ہے کہ چوری اور ضائع ہونے والی گیس کا بل عوام پر ڈالا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق گیس کمپنیوں کے سربراہوں نے بل میں چوری شدہ گیس کی مد میں جگا ٹیکس کی شرح 4.5 سے بڑھا کر 12 فیصد کرنے کی تجویز دی تھی، وزیر پیٹرولیم نےعوام پر احسان کیا اور بل میں 12 کے بجائے 10 فیصد اضافے کی منظوری دیدی۔
ذرائع کا کہنا ہے گیس چوری کا بوجھ عوام پر ڈالنے کا حتمی فیصلہ ہوگیا ہے، گیس چوری ٹیکس میں 10 فیصد اضافے کا اثر بھی کچھ کم نہیں ہوگا، جس گیس صارف کا ماہانہ بل پہلے 500 روپے آتا تھا، بڑھ کر ایک ہزار ہوجائے گا۔ سماء