اسٹاف رپورٹ
کراچی : کراچی میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کے دوران نامعلوم افراد کی فائرنگ سے لینڈ ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جاں بحق ہوگئے، 2 ساتھی زخمی بھی ہوئے، حملہ آور ملزم کی شناخت عرفان کے نام سے ہوگئی۔
نیو کراچی پاور ہاؤس چورنگی کے قریب تجاوزات کیخلاف آپریشن جاری تھا کہ نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں لینڈ ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد اسحاق سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کوعباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں محمد اسحاق دوران علاج دم توڑ گئے، مقتول کی نماز جنازہ کل بعد نماز ظہر ادا کی جائے گی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزم کی شناخت کرلی گئی، تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران عرفان نامی شخص نے لینڈ ڈپارٹمنٹ حکام پر فائرنگ کی۔ سماء