اسٹاف رپورٹر
لاہور: لاہور ہائيکورٹ نے سکول ٹيچر پر تشدد کرنے والے سابق ايم پي اے اسلم مڈھيانہ کي درخواست ضمانت خارج کردي۔ تاہم ملزم کو گرفتار نہ کيا جاسکا۔
عدالت نے ملزم اسلم مڈھيانہ اور مدعي نفيس خان کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد فيصلہ محفوط کيا تو اسلم مڈھيانہ کمرہ عدالت ميں موجود تھا۔ تاہم کچھ دير وقفے کے بعد جب ہائي کورٹ کےدونوں جج فيصلہ سنانے کمرہ عدالت پہنچے تو ملزم موجود نہ تھا۔ جس پر عدالت نے اسلم مڈھيانہ کي حاضري کے لئے کمرہ عدالت سے باہر آواز لگوائي ۔ مگر وہ پيش نہ ہوا۔ وکلاء نے بتايا کہ اسلم مڈھيانہ يہاں سے جا چکا ہے۔ جس پر ہائي کورٹ کے ججز کا کہنا تھا کہ اگر ملزم عدالت ميں موجود نہيں تو ان کے پاس ضمانت خارج کرنے کےسوا کوئي راستہ نہيں۔ اسلم مڈھيانہ کے وکلاء نے انتظار کے لئے کہا۔ جس پر ججز کا کہنا تھا کہ عدالتيں ملزمان کا انتظار نہيں کر سکتيں ۔ عدالت نے ضمانت خارج ہونے کا فيصلہ سنايا تو کمرہ عدالت ميں موجود پوليس اہلکار باہر کي جانب دوڑے اور احاطہ عدالت ميں ملزم کي تلاش کي۔ مگر وہ فرارہونے ميں کامياب ہو چکا تھا۔