اسٹاف رپورٹر
اسلام آباد: وزیر اعظم گیلانی سے اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی نے ملاقات کی اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں وزیر اعظم نے عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت ملک کو درپیش تمام سیاسی، معاشی اور سماجی مسائل کو اتفاق رائے سے حل کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ وزیر اعظم نے ملک میں بے یقینی کی کیفیت پھیلانے اور جمہوری عمل کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف اے این پی کے سربراہ کے اقدام کا خیر مقدم کیا۔
اس موقع پر اسفند یار ولی نے کہا کہ اُن کی جماعت نے ہمیشہ جمہوریت کیلئے جدوجہد کی اور وہ کسی کو جمہوری عمل کو پٹڑی سے اتارنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ اے این پی کے ارکان کے سوالوں کے جواب میں وزیر اعظم نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چئیرپرسن کو ہدایت کی کہ وہ اے این پی کے ارکان سے مل بیٹھ کر غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والے خاندانوں کی امداد کے بارے میں پروگرام طے کریں۔