اسٹاف رپورٹر
اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے نواز شریف کی جانب سے بے نظیر کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے بیان کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
فیصل رضا عابدی کہتے ہیں پیپلز پارٹی اس سوچ کا مقابلہ کر رہی ہے جو بے نظیر بھٹو کے قتل کا سبب بنی۔
میاں نواز شریف نے لاڑکانہ میں جلسہ عام سے خطاب میں بے نظیر کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔
پیپلزپارٹی کے سیکریٹری اطلاعات رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ بے نظیر کے قاتل گرفتار ہوچکے ہیں اور اب صرف ان کے سرپرستوں کا تعین ہونا باقی ہے۔
پیپلزپارٹی کے رہنما فیصل رضا عابدی نے کہا ہے کہ ۔۔ ملک میں دہشت گردی کی فیکٹریاں چل رہی ہیں اور پیپلزپارٹی ان کے خلاف نبرد آزما ہے۔ بے نظیر کی لاش چھوڑنے والوں کو وزیربنانے کے بیان پر فیصل رضا عابدی کا کہنا تھا کہ مضبوط دل جیالے دھماکے کے بعد بھی کھڑے رہتے ہیں مگر کمزور دل حضرات بھاگ بھی جاتے ہیں۔
پیپلزپارٹی کی رہنما فوزیہ وہاب کا کہنا تھا کہ نواز شریف بے نظیر کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کی بات کر کے سندھ کے عوام کی جذباتی ہمدردی حاصل کرنے کی کوشش کی ہے جس میں انہیں کوئی کامیابی نہیں ہوگی۔