اسٹاف رپورٹ
راول پنڈی : کھیلوں کی دنیا میں پاکستان کو نمایاں مقام دلانے والے سابق ایئر مارشل ریٹائرڈ ملک نورخان انتقال کرگئے۔ ایئرمارشل ریٹائرڈملک نورخان بائیس فروری انیس سو تئیس کو پنجاب کے شہر چکوال میں پیدا ہوئے۔
وہ انیس سو پینسٹھ سے انہتر تک ائرفورس کے کمانڈر ان چیف رہے۔ انہیں بھارت کیخلاف انیس سو پینسٹھ کی جنگ کا ہیرو قرار دیا جاتا ہے۔ وہ انیس سو انہتر میں مغربی پاکستان کے گورنر بھی رہے۔
وہ چکوال سے رکن قومی اسمبلی بھی منتخب ہوئے۔ انہیں کھیلوں کی دنیا کا بہترین آرگنائزرز قرار دیا جاتا تھا۔ وہ انیس سو سڑسٹھ سے انہتر تک ہاکی فیڈریشن کے صدر رہے اور بے شمار کامیابیاں سمیٹیں۔
نور محمد خان فروری انیس سو اسی سے چوراسی تک کرکٹ بورڈ کے صدر بھی رہے اور پاکستان کے اندر انیس سو ستاسی میں ورلڈ کپ کا اہتمام کرایا۔ نور خان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں ہلال جرات۔ ہلال شجاعت۔ ہلال قائد اعظم اور ستارہ پاکستان سے نوازا گیا۔
وہ طویل عرصے سے علیل تھے اور پندرہ دسمبر کو اٹھاسی سال کی عمر میں راولپنڈی کے سی ایم ایچ میں انتقال کرگئے۔ سماء