اسٹاف رپورٹ
سپریم کورٹ نے بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تقرری غیر آئینی قرار دیکر وزیراعلٰی کی سمری کے مطابق نئی تقرری کی ہدایت کردی ہے۔
جسٹس تصدق جیلانی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تقرری کے کیس کا محفوظ شدہ فیصلہ سنا دیا۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ وائس چانسلر کی تقرری کے لیے فوقیت وزیراعلٰی کی سمری کو حاصل ہے ۔ بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے وی سی کی تقرری میں آئین کے آرٹیکل ایک سو پانچ کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔
گورنر وزیراعلیٰ کی سمری سے متفق نہیں تھے تو پندرہ دن میں واپس بھجوا دیتے۔ سپریم کورٹ نے وزیراعلٰی کے سفارش کردہ سید قمر خواجہ کو وی سی مقرر کرنے کا حکم دیا ہے۔ سماء