رپورٹ کاشف حسين
فیصل آباد: فیصل آباد میں ڈکیتی کی وارداتیں اس قدر بڑھ گئی ہیں کہ لوگ بے انتہا پریشان ہیں اور اب انہوں نے ڈاکوئوں سے خود نمٹنے کا تہیہ کرلیا ہے۔
اسی لئے شہریوں نے دو ڈاکوئوں کو پکڑلیا اور انہیں شدید تشدد کا نشانہ بناتےے ہوئے لہولہان کردیا۔ اس دوران پولیس اہلکار ڈاکوئوں کی مدد کو آگے بڑھے اور عوام کے غیض و غضب سے بچالیا۔
فیصل آباد کے علاقے حاجی آباد میں ڈاکوؤں نے لوہے کی دکان کے مالک کو لوٹنے کی کوشش کی اس دوران مزاحمت پر ایک دکاندار زخمی بھی ہوگیا۔ ڈکیتی کی کوشش کے دوران شہریوں نے ایک ڈاکو کو پکڑ لیا جسے شہریوں نے تشدد کا نشانہ بنایا اس دوران ایک ڈاکو عوام کے تشددسے بچنے کیلئے قریبی نالے میں چھپ گیا۔
پولیس نے پینتالیس منٹ کے بعد ڈاکو کو نالے سے نکالا تو غصے میں بپھرے عوام نے اسے بھی بری طرح تشددکا نشانہ بنایا۔ اس دوران پولیس اہلکار ڈاکو کو عوام کے غصے اورمار پیٹ سے بچانے کی کوشش کرتے رہے۔
اس موقع پر شہریوں کا کہناتھا کہ پولیس ان ڈاکوؤں کو چھوڑ دے گی اس لئے انہیں سرعام سزا دی جانی چاہیے۔
پورے واقعے کے دوران پولیس اہلکاروں کی جانب سے ڈاکوؤں کو بچانے کی کوشش کی گئی تاہم نفری کم ہونے کے باعث عوام کو منتشر کرنا چند پولیس اہلکاروں کے بس میں نہیں تھا۔
عوام کا غصہ ملک کے مجموعی حالات کی غمازی کرتا ہے، امن و امان، لوڈ شیڈنگ اور دیگر مسائل میں گھرے عوام اب قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے سے بھی گریز نہیں کررہے۔ سماء