وزیراعظم کا لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا نیا دعویٰ
سیالکوٹ : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ملک میں بجلی کا بحران اگلے 15 سال تک کے لیے حل کر دیا گیا ہے، پوری امید ہے کہ بجلی کی قیمت کم بھی ہوں گی۔
سیالکوٹ ہوائی اڈے کے بین الاقوامی ٹرمینل کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ان سے پہلے والی حکومتیں پانچ سال تک منصوبوں کے بارے میں صرف سوچتی رہتی تھیں اور پھر اقتدار ختم ہوجاتا تھا۔
وزیراعظم نے کہاکہ جب ن لیگ کی حکومت آئی تو انڈسٹری بند تھی، گیس نہیں تھی،آج صورتحال بہت بہتر ہےاور یہ بہتری نوازشریف کے وژن کے مطابق ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مشکلات کے باوجود ن لیگ کام کرتی رہی ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش ہوتی رہی اور ہم پرواہ کیے بغیر کام کرتے رہے۔
شاہد خاقان عباسی نے بتایا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نہ صرف منصوبے شروع کرتی ہے، بلکہ انہیں اپنے دور میں ہی مکمل بھی کر دیتی ہے۔ سماء