امریکا کی جنگ اسلام کے نہیں، مذہب کو مسخ کرنیوالوں کیخلاف ہے، اوباما
اسٹاف رپورٹ
واشنگٹن : صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ امریکا کی جنگ اسلام کیخلاف نہیں بلکہ ان لوگوں کیخلاف ہے جو مذہب کو مسخ کررہے ہیں۔
واشنگٹن میں انسداد دہشت گردی کے موضوع پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر براک اوباما نے کہا کہ داعش مسلمانوں کی نمائندہ نہیں، بلکہ وہ اسلام کو بدنام کرنے کا سبب بن رہی ہے، داعش، القاعدہ جیسے گروپ قانونی جواز کیلئے بے چین ہیں، وہ خود کو مذہبی لیڈر اور اسلام کے دفاع کے مجاہد کے طور پر پیش کرتے ہیں اور پروپیگینڈا کرتے ہیں کہ امریکا اور یورپ اسلام کیخلاف جنگ کررہے ہیں لیکن یہ سب جھوٹ اور بے بنیاد ہے۔
اوباما نے کہا کہ نفرت اور تعصب کی امریکا میں کوئی گنجائش نہیں، کوئی مذہب دہشت گردی اور تشدد کا ذمہ دار نہیں ہوسکتا، وہ امریکا اور اس کے باہر بھی رواداری کی آوازوں کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتے ہیں۔ سماء