افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا میں ایک سال تاخیر پر غور
اسٹاف رپورٹ
کابل: خطے کی صورت حال کے پیش نظر امریکا نے افغانستان سے فوجی انخلا کے فیصلے کا ازسر نو جائزہ لینے کا فیصلہ کرلیا ہے، امریکی وزیرِ دفاع ایشٹن کارٹر کہتے ہیں کہ امریکا افغانستان کے امن کیلئے پائدار کامیابی چاہتا ہے۔
کابل میں افغان صدر اشرف غنی کے ہمراہ مشترکہ نیوز کارنفرنس میں امریکی وزیرِ دفاع ایشٹن کارٹر نے کہا کہ امریکا کا مقصد افغانستان میں پیشرفت کو یقینی بنانا ہے اور سیکیورٹی صورت حال کے مطابق امریکی فوج کے انخلا پر نظرثانی کی جاسکتی ہے۔
امریکی وزیرِ دفاع نے کہا کہ امریکی فوج کے انخلا کا منصوبہ اگلے ماہ افغان صدرکے دورہ واشنگٹن کے دوران مزید واضح ہو جائے گا۔ جبکہ اشرف غنی نے کہا کہ وہ امریکی فوج کے انخلا کے عمل کی رفتار کو سست کرنے کے خواہاں ہیں۔
امریکی وزیر دفاع نے کہاکہ امریکہ انسداد دہشت گردی سے متعلق افغانستان کی ضروریات کا از سرِ نو جائزہ لے رہا ہے۔ جس میں یہ معاملہ بھی شامل ہے کہ امریکی فوج کے انخلاٴمیں تیزی نہ دکھائی جائے۔ سماء