راولپنڈی میں نمونیا کی وباء پھوٹ پڑی
zراولپنڈی : راولپنڈی میں خشک سردی کے باعث نمونیا کی بیماری وباء کی شکل اختیار کرگئی، شہر کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال میں مریضوں کا تانتا بندھ گیا، جگہ کم پڑ گئی۔
راولپنڈی میں نمونیا وبائی صورت اختیار کر گیا، اسپتالوں میں مریض بچوں کا تانتا بندھ گیا، شہر کے سب سے بڑے صحت مرکز بے نظیر بھٹو اسپتال میں جگہ کم پڑ گئی۔
بیماری نے زور پکڑا تو اسپتال انتظامیہ کی بدانتظامی کا بھانڈہ بھی پھوٹ گیا، شہر کے سب سے بڑے اسپتال میں نمونیا کے شکار بچوں کیلئے جگہ کم پڑ گئی، ایک ایک بستر پر 5، 5 مریض لٹا دیئے گئے، کئی مائیں اپنے جگر گوشوں کے ساتھ ٹھنڈے فرش پر لیٹی رہیں۔
ترجمان بینظیر بھٹو اسپتال ڈاکٹر مسعود صفدر کہتے ہیں تمام معاملات پر نظر ہے، معاملہ حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق ماہ جنوری میں خشک سردی پڑنے کا امکان ہے، اسپتالوں میں بھی اسی مناسبت سے انتظامات کی ضرورت ہے، نمونیہ کے مریضوں کو پیش آنیوالے مسائل حکومت پنجاب کی صحت کی ناقص پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ سماء