نا اہل وزیراعظم نواز شریف آج سعودیہ سے پاکستان پہنچیں گے
اسلام آباد / لاہور : سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی آج متوقع ہے۔ ن لیگی سربراہ سعودی ايئرلائنز کے ذريعے لاہور کے بجائے اسلام آباد پہنچیں گے، جہاں وہ تین جنوری کو احتساب عدالت میں بھی پیش ہونگے۔
تفصیلات کے مطابق نا اہل وزیراعظم آج سعودی عرب سے وطن واپس پہنچیں گے، جہاں وہ لاہور ایئر پورٹ پر لینڈ کرکے کل صبح خصوصی پرواز کے ذریعے اسلام آباد جائیں گے، سابق وزیراعظم شام کو ایئرپورٹ پر لینڈ کریں گے۔
مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف بروز بدھ کو اپنی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کے ہمراہ احتساب عدالت میں پیش ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق یہ بھی امکان ہے کہ سابق وزیراعظم پنجاب ہائوس میں آئندہ کےلائحہ عمل اور اپنے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے مسلم لیگ ن کے رہنمائوں کو اعتماد میں لیں گے۔
اس دوران مشاورتی اجلاس میں آل پارٹیز کانفرنس کی ڈیڈ لائن اور مسلم لیگ ن کی عوامی رابطہ مہم کے حوالے سے بھی حکمت عملی طے کی جائے گی۔ پروگرام کے مطابق میاں صاحب عدالتی پیشی کے بعد ایک بار پھر سیاسی سرگرمیاں شروع کریں گے۔
چھ جنوری کو کوٹ مومن میں عوامی پاور شو میں ن لیگی کارکنوں کا خون گرمائیں گے ، لیگی رہنما محسن شاہ نواز رانجھا کے مطابق نوازشریف ،سرگودھا کی سرزمین سے ہی عدل بحالی تحریک کا اعلان کریں گے۔ سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز بھی اسی جلسے میں شرکت کریں گی۔ سماء