بھارت نہیں چاہتا دہشتگردی کیخلاف کارروائیاں جاری رہیں
راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آرمیجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کسی دہشتگرد تنظیم کا کوئی ٹھکانہ نہیں۔ دہشتگردی کیخلاف بھرپور جنگ لڑ رہے ہیں لیکن بھارت نہیں چاہتا کہ دہشتگردی کیخلاف کارروائیاں جاری رہیں۔
ڈي جي آئي ايس پي آر نے واضح کردياکہ پاکستان ميں دہشتگردوں کي کوئي پناہ گاہ نہيں۔ بھارت مسلسل ایل او سی پر اشتعال انگیزی پھیلا رہا ہے ۔ بھارت نے پہلے بھي سرجيکل اسٹرائيکس کا دعويٰ کيا۔ بھارت نہیں چاہتا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پر ہماری توجہ مرکوز رہے ۔
جی ایچ کیو راولپنڈی میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ سال 2016 میں سرجیکل اسٹرائک کا ڈرامہ رچانے والا بھارت اب بھی ایل او سی پر سیز فائر کی خالف ورزی کر رہا ہے۔ رواں سال ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزی سے آزاد کشمیرمیں 52 سویلین شہید اور 254 زخمی ہوئے۔
اپنی بریفنگ میں میجر جنرل آصف غفورنے کہا کہ پاکستان نے حقانی نیٹ ورک سمیت تمام گروپوں کے خلاف بغیر کوئی تفریق کیے کارروائی کی، اس حوالے سے امریکا اور افغان حکام بخوبی آگاہ ہیں۔ انہوں نے کہا امریکا کی جانب سے حقانی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی نہ کرنے کا موقف موثر نہیں۔ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بھاری قیمت ادا کی۔
امریکا کی جانب سے حالیہ دھمکی پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہم کس طرح کے اتحادی ہیں کہ ہمیں نوٹس پر نوٹس دیے جا رہے ہیں۔ پاکستان اپنی عزت پر سمجھوتہ نہیں کرسکتا۔ ہم کسی ملک کے کہنے پر ڈو مور نہیں کرسکتے ہیں ۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاکستان میں کسی بھی دہشتگرد تنظیم کا کوئی نیٹ ورک موجود نہیں، اس حوالے سے آرمی چیف آف پاکستان اور دفتر خارجہ بھی اپنا موقف امریکا کے سامنے پیش کرچکے ہیں۔ پا کستان نے دہشتگردی کیخلاف بھرپو مقابلہ کر کے اپنی سرزمین سے دہشتگردوں کی پناہ گاہوں کا بلا تفریق صفایا کیا۔ قوم اور فوج نے یک جان ہوکر یہ مشکل فریضہ سرانجام دیا لیکن ابھی خطرات ٹلے نہیں ہیں۔
میڈیا بریفنگ کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے خوشحال بلوچستان پروگرام سے متعلق بھی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پروگرام میں 60 ارب روپے کے منصوبے رکھے گئے ہیں۔ اس پروگرام کا ڈھانچہ 4 نکات پر مشتمل ہے جن میں ترقیاتی منصوبوں کو تیزی سے تکمیل کرنا، منصوبوں کو فوج کی سیکیورٹی دینا، دہشتگدوں کیخلاف کارروائی اور مسترد قوم پرست قوتوں کو بیرونی ایجنڈے سے علیحدہ کرنا شامل ہے۔
انہوں نے کہا بلوچستان کے عوام کو گمراہ کرنے والے کامیاب نہیں ہوں گے، اب تک 2 ہزار سے زائد فراری ہتھیارپھینک کر قومی دھارے میں آ چکے ہیں۔
میجر جنرل آصف غفور نے بریفنگ میں کراچی سے متعلق کہا کہ ماضی کے مقابلے میں آج کا کراچی بہت بہتر ہے جہاں امن وامان برقرار ہے۔ کراچی کے حالات میں مزید بہتری کی نوید بھی سنائی۔