لاہور: جوہر ٹاؤن میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد قتل، 3 بچے بھی شامل
اسٹاف رپورٹ
لاہور : لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد کو قتل کردیا گیا، تین بھائی، دو کی بیویاں اور 3 بچے شامل ہیں، پولیس نے لاشیں اسپتال منتقل کرکے تحقیقات شروع کردی۔
پولیس کے مطابق جوہر ٹاؤن میں ایک مکان سے 8 افراد کی لاشیں ملیں جنہیں گزشتہ رات قتل کیا گیا، اہل علاقہ کی جانب سے تعفن پھیلنے کی اطلاع ملنے پر گھر میں لاشوں کی موجودگی کا علم ہوا۔
سی سی پی او کے مطابق مقتولین میں 3 بھائی، دو خواتین اور 3 بچے شامل ہیں، قتل کی گئیں خواتین دو بھائیوں کی بیویاں تھیں، تمام افراد کو کند آلے سے مارا گیا۔
سی سی پی او لاہور کا کہنا ہے کہ مقتولین کے والد وکیل تھے، تینوں بھائیوں زاہد، شاہد اور ندیم کی عمریں 40 سے 50 سال کے درمیان تھیں، ڈکیتی کی واردات نہیں لگتی قتل کی کچھ اور وجوہات ہوں گی تحقیقات کررہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی جبکہ مقتولین کے رشتہ داروں کی بھی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول بھائیوں کی دو سگی بہنوں سے شادی ہوئی تھی، دو بیٹیاں 6 سے آٹھ سال اور لڑکا 14 سال عمر کا تھا۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ مقتولین کا کسی سے کبھی کوئی جھگڑا نہیں ہوا نہ ہی کبھی کسی خاندانی تنازع کے بارے میں سنا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گھر سے شواہد اکٹھے کئے جارہے ہیں، بظاہر ایسا لگتا ہے کہ گھر میں چوری یا ڈکیتی میں مزاحمت پر ان افراد کو قتل کیا گیا، تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کردیا گیا ہے، آس پاس رہنے والوں سے بھی پوچھ گچھ کی جارہی ہے کہ اس گھر میں کس کس کا آنا جانا تھا۔
پولیس کے مطابق اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ ان افراد کو رات کے بعد سے لوگوں نے نہیں دیکھا تھا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے لاہور میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔ سماء