عدالت کا ابصارعالم کوہٹاکرنیاچیئرمین تعینات کرنیکا حکم
لاہور : ہائی کورٹ لاہور نے چیئرمین پیمرا کی تعیناتی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے نیا چیئرمین پیمرا تعینات کرنے کا حکم دے دیا، عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین کی تعیناتی سپریم کورٹ کے فیصلوں کی بھی خلاف ورزی ہے، حکومت فوری طور پر میرٹ اور قوانین کے مطابق نئی تعیناتی کرے۔
تفصیلات کے مطابق ہائی کورٹ لاہور میں پیمرا کے چیئرمین ابصار عالم کی تعیناتی کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ جسٹس شاہد کریم نے ابصار عالم کی غیر معمولی تعیناتی کے خلاف دائر درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔
دیدی۔ جسٹس شاہد کریم نے فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ چیئرمین پیمرا کو میرٹ سے ہٹ کر تعینات کیا گیا، چیئرمین پیمرا کی تعیناتی شفاف طریقے سے نہیں ہوئی۔ فیصلے میں کہا گیا کہ چیئرمین کی تعیناتی سپریم کورٹ کے فیصلوں کی بھی خلاف ورزی ہے، حکومت فوری طور پر میرٹ اور قوانین کے مطابق نئی تعیناتی کرے۔
شہری منیر احمد نے ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی وساطت سے درخواست دائر کی تھی۔ درخواست گزار کا موقف تھا کہ ابصار عالم کو چیئرمین پیمرا تعینات کرنے کے لیے دو مرتبہ اخبار اشتہار جاری کیے گئے۔ پہلے اشتہار کے مطابق ابصار عالم چیئرمین پیمرا کے عہدے کے لیے تعلیمی معیار پر پورا نہیں اترتے تھے۔
درخواست گزار کے مطابق ابصار عالم کو تعینات کرنے کے لیے دوبارہ کم تعلیمی قابلیت کا اشتہار جاری کیا گیا۔ وفاقی حکومت کے وکیل نے درخواست گزار کے الزامات کو مسترد کردیا تھا۔ واضح رہے عدالت نے تمام دلائل مکمل ہونے کے بعد 29 نومبرکو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ سماء