اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ حکومت طالبان مذاکرات سے مایوس
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد : فرینڈلی اپوزیشن کے طعنوں نے خورشید شاہ کو حکومت طالبان مذاکرات کے بارے میں کھل کر بولنے پر مجبور کر دیا، کہتے ہیں طالبان سے طالبان کے مذاکرات آگے نہ بڑھنے کا یقین تھا، وزیراعظم سیاسی قیادت کو اصل تصویر دکھائیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ حکومتی مذاکراتی ٹیم کی تشکیل سے ہی یقین ہوگیا تھا کہ مذاکرات آگے نہیں بڑھیں گے، اسی لئے ٹائم فریم مانگا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ حقائق بتاتے ہیں کہ حکومت نے فوجی قیادت کو اعتماد میں نہیں لیا، فورسز نے دہشتگردوں پر جوابی کارروائی کرکے اپنا ردعمل بتا دیا تھا۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا عمران نے آپریشن میں 40 فیصد کامیابی کا بیان دے کر فوج اور حکومت کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے، انہوں نے کہا ڈر ڈر کر جینے سے کچھ نہیں ہوگا، حکومت تمام سیاسی قائدین کو بلا کر اصل تصویر دکھائے اور ملکی مفاد میں جو ضروری ہے کیا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ 3 پڑھے لکھے بچوں نے ان سے پوچھا کہ اپوزیشن کب تک فرینڈلی رہے گی، اس سوال نے انہیں بولنے پر مجبورکردیا ہے۔ سماء