بارش کا امکان، محکمہ موسمیات کی پیش گوئی

ہر سو جل تھل ايک کرنے کے بعد ملک کے بیشتر علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ تھم گيا،محکمہ موسمیات نے بالائی خیبرپختونخوا ميں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے ، پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی ہو گی۔
کہیں بارش کہیں آسمان سے گرتے روئی کے گالے موسم نے ہر سو اپنے دلفریب رنگ بکھیر رکھے ہیں، ملک بھر میں تین روز جم کر برکھا برسی ۔ بارشوں نے اکثر علاقوں میں تو بریک لگا دی، تاہم موسم کا حال بتانے والے کہتے ہیں آج مالاکنڈ ۔ ہزارہ ۔ مردان اور پشاور ڈویژن میں مزید بارشیں ہوں گی ۔
ملک کے پہاڑی علاقوں میں سرد موسم کی سوغات برفباری نے بھی خوب رنگ جما رکھا ہے ، ملکہ کوہسار مری ، گلیات ، کالام ، ناران ، مالم جبہ ، وادی نیلم میں اکثر علاقوں میں ہر چیز نے برف کی سفید چادر اوڑھ رکھی ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق فاٹا ۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے، گذشتہ روز کالام ۔ اسکردو اور قلات منفی آٹھ ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ ملک کے سرد ترین علاقے رہے، پنجاب کے میدانی اور بالائی سندھ کے علاقوں میں شہریوں کی رات اور صبح کے وقت دھند سے جان نہیں چھوٹے گی ۔ سماء