دہشتگرداسلام آبادسےچوری کی گئی گاڑی میں اسکول پہنچے،ابتدائی تحقیقات
اسٹاف رپورٹ
پشاور : سانحہ پشاور کی ایف آئی آر کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ میں نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کر لی گئی، ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ آور اسلام آباد سے چوری کی گئی گاڑی میں آئے تھے۔
اب تک کی تفتیش کے مطابق دہشت گردوں کی تعداد سات تھی، جو تہکال سے ہوتے ہوئے بہار کالونی پہنچے، اسکول کے عقبی راستے سے سیڑھی لگا کر اسکول میں داخل ہوئے، اور اندر جا کر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ دہشت گرد جس گاڑی میں آئے تھے۔
کارروائی سے پہلے انہوں نے اسے آگ لگا دی، گاڑی کا انجن اورچیسز نمبر حاصل کر لیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق گاڑی سول لائن اسلام آباد سے چوری کی گئی تھی، ایس ایچ او تھانہ مچنی پشاور کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ کاؤنٹرٹیررزم ڈیپارٹمنٹ میں درج کرلیا گیا ہے۔ مقدمے میں دہشت گردی، قتل ، اقدام قتل اور سرکاری اہلکاروں پر حملے کی دفعات شامل ہیں۔ سماء