سیاست ایک گلدستہ، پی ٹی آئی اہم پھول ہے، احسن اقبال
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد : معصوم بچوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کر کے پوری قوم اور سیاسی جماعتوں کو یکجا کردیا، اسی کا اثر ہے کہ وفاقی وزیر احسن اقبال نے پہلی بار پی ٹی آئی کے بارے میں مہکی مہکی باتیں کیں اور ملکی ترقی کیلئے نسخہ کیمیا بھی پیش کیا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے ملکی معیشت کو لاحق بیماری، اس کا علاج اور ترقی کا گُر بتادیا، احسن اقبال نے گورننس فورم سے خطاب میں کہا سیاسی عدم استحکام سے معیشت کو نقصان پہنچا، ملکی ترقی کیلئے باہمی جھگڑوں کو نمٹانا ہوگا، معصوم بچوں کی شہادت نے قومی یکجہتی کا موقع پیدا کردیا۔
تقریب کے اختتام پر سماء سے بات کرتے ہوئے وزیر منصوبہ بندی نے سیاست کو گلدستہ اور پی ٹی آئی کو اس کا اہم پھول قرار دیا۔
سابق گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عشرت حسین نے ملکی اداروں کے استحکام کا نسخہ یہ بتایا کہ دہشتگردی کے خاتمے تک سبھی کو ہر محاذ پر متحد رہنا ہوگا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک کی اقتصادی و معاشرتی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ یہاں نظام حکومت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کیا جائے۔ سماء