کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، پاک فوج امن لانے کی صلاحیت رکھتی ہے، پرویز رشید
اسٹاف رپورٹ
راولپنڈی : وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ امن کی منزل پر پہنچنے کیلئے کمیٹی بنائی گئی، شریعت لانے والے بتائیں قیدیوں کے ساتھ کیسا سلوک ہونا چاہئے، کیا لوگوں کے گلے کاٹنا شرعی عمل ہے، پاکستانی دفاعی اداروں کی صلاحیتوں سے متعلق کسی کو غلط فہمی نہیں ہونی چاہئے، پاک فوج امن لانے کی اہلیت رکھتی ہے۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ طالبان کو شکایت تھی تو اپنی کمیٹی کو بتاتے، ہم بھی انسان ہیں، ہماری بھی شکایات ہیں، امن کی منزل پر پہنچنے کیلئے کمیٹی بنائی گئی۔
وہ کہتے ہیں کہ 2010ء سے مغوی ایف سی اہلکاروں کی گردنیں کاٹی گئیں، شریعت لانے والے بتائیں قیدیوں کے ساتھ کیسا سلوک ہونا چاہئے، کیا گردنیں کاٹنا شرعی عمل ہے، بھارت جیسے دشمن نے بھی قیدیوں کی گردنیں نہیں کاٹیں۔
پرویز رشید کا کہنا ہے کہ دفاعی اداروں کی صلاحیت سے متعلق کسی کو غلط فہمی نہیں ہونی چاہئے، پاکستانی دفاعی ادارے ہر چیلنج سے نمٹنے کو تیار ہیں، پاک فوج اپنے ملک میں امن لانے کی صلاحیت رکھتی ہے، دوسرے ملک جاکر بھی امن لاسکتی ہے۔ سماء