اہم فیصلوں کا امکان، نواز شریف پنجاب ہاؤس چلے آئے
اسلام آباد : ن لیگ کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس کی صدارت کیلئے نواز شریف پنجاب ہاؤس پہنچ گئے، جہاں وہ ختم نبوت قانون سمیت دیگر اہم مسئلے پر گفت گو کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں نواز شریف کمیٹی کو آئنده کے لائحہ عمل پر اعتماد میں لیں گے، جب کہ 5 دسمبر کو لندن روانگی اور رواں ماہ بیگم کلثوم نواز کی وطن آمد کے امکان پر بھی بات چیت ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کیلئے پارٹی صدر نواز شریف احتساب عدالت سے پنجاب ہاؤس پہنچ گئے ہیں۔
وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب، مریم نواز اور حمزہ شہباز کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ راجا ظفرالحق، چوہدری نثار، خواجہ آصف، مشاہد اللہ اور سعد رفیق بھی اجلاس میں شریک ہوں گے، جب کہ ایاز صادق، احسن اقبال، برجیس طاہر، سردار مہتاب اور امیر مقام بھی شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں نواز شریف کمیٹی کو آئنده کے لائحہ عمل پر اعتماد میں لیں گے جبکہ عوامی رابطہ مہم اور ختم نبوت قانون اور نئی حلقہ بندیوں کے معاملے پر بات ہو گی۔ نواز شریف کی 5 دسمبر کو لندن روانگی اور رواں ماہ بیگم کلثوم نواز کی وطن آمد کا بھی امکان ہے۔ سماء