امریکی وزیر دفاع اگلے ہفتے پاکستان آئیں گے
واشنگٹن : امریکی وزیر دفاع مشرق وسطیٰ روانہ ہوگئے ہیں، جس کے بعد وہ پاکستان بھی آئیں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی جانب سے جاری رپورٹس کے مطابق امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس 5 روزہ دورے پرمشرق وسطیٰ روانہ ہوگئے ہیں، جس کے بعد وہ پاکستان کا دورہ بھی کریں گے۔
جیمز میٹس کے دورے میں افغانستان میں قیام امن کا موضوع ایجنڈا میں سرفہرست ہے، دہشت گردی کے خلاف اتحاد میں انٹیلی جنس شیرنگ، مشترکا مشقوں اور بارڈر سیکیورٹی سمیت کئی اہم امور پر وہ پاکستانی اعلیٰ عسکری اور سیاسی قیادت سے ملاقات کریں گے۔
امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس 3دسمبر کو پاکستان کا ایک روزہ دورہ کریں گے اور کثیر الجہتی امور پر پاکستانی قیادت سے گفت گو کریں گے۔
امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس دورے کے دوران وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ، وزیر خارجہ خواجہ آصف اور وزیر دفاع خرم دستگیر سے ملاقات کریں گے۔
ذرائع کے مطابق معمول کی طرح اس بار بھی امریکا کی جانب سے پاکستان پر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے لیے دباؤ اور ڈو مور کا مطالبہ کیا جاسکتا ہے۔ سماء