پاک فوج اور خیبرپختونخوا پولیس کی کارکردگی قابل ستائش ہے

پشاور: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ بیرونی اور اندرونی دشمن پاکستان کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ تمام اداروں نے دہشت گردی کے خلاف مل کر لڑنا ہے، پاک فوج اور خیبرپختونخوا پولیس کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔


وہ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں زرعی ڈائریکٹوریٹ حملے میں زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے، اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا اور وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام بھی انکے ہمراہ تھے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاک فوج اور خیبرپختونخوا پولیس کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔ ملک داخلی انتشار کا شکار ہو تو بیرونی و اندرونی دشمن ایسے وار کریں گے تاہم تمام اداروں نے دہشت گردی کے خلاف مل کر لڑنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہیدوں کے خون کو نہیں بھولیں گے اور دہشت گردوں کا ہرصورت پیچھا کیا جائے گا۔ بیرونی اور اندرونی دشمن پاکستان کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں لیکن پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف یکجا ہونا پڑے گا۔

وزیر داخلہ نے واقعے میں جاں بحق افراد کے ورثا کے لیے 10، 10 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا جب کہ شدید زخمیوں کو 5 لاکھ اور معمولی زخمیوں کو 2 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔

قبل ازیں گورنر ہاﺅس پشاور میں سیکورٹی کے حوالے سے اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں وزیرداخلہ احسن اقبال، گورنر خیبر پختونخوا انجینئر اقبال ظفر جھگڑا، انجینئر امیرمقام اور سیکورٹی اداروں کے اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے میں امن وامان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں آج کے واقعے میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اور ایگریکلچر ڈائریکٹوریٹ پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی گئی۔

وزیر داخلہ اور گورنر نے سیکورٹی فورسز کی جانب سے بروقت کارروائی کرنے پر فورسز کے اقدامات کو سراہا۔ دونوں رہنماﺅں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فورسز کی بروقت کارروائی سے قوم کو بڑے سانحہ سے بچایاگیا ملک کو دہشتگردوں سے پاک کرکے ہی دم لینگے۔ سماء

KPK

INTERIOR MINISTER

terrorists attack

تبولا

Tabool ads will show in this div

تبولا

Tabool ads will show in this div