لاہور کے تجارتی پلازہ میں آگ لگ گئی، 13 افراد جاں بحق

ویب ایڈیٹر

لاہور : لاہور کے تجارتی پلازہ میں آگ لگنے سے 13افراد جاں بحق ہوگئے، عمارت میں مزید لوگوں کے پھنسے ہونے کی اطلاعات ہیں، امدادی کارروائیاں جاری ہیں، ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

ڈی سی او لاہور کے مطابق انار کلی بازار کے خالد پلازہ میں آگ لگنے سے 13افراد جاں بحق ہوگئے، شارٹ سرکٹ آتشزدگی کی وجہ معلوم ہوتی ہے، لاشیں میو اسپتال منتقل کردی گئیں، 35 سالہ خاتون بھی مرنے والوں میں شامل ہے۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت 19 سالہ ولید، 34 سالہ شیراز علی، 35 سالہ نعمان خان، 25 سالہ ثناء اللہ، 22 سالہ عتیق الرحمان، 45 سالہ حاجی اقبال اور 23 سالہ محمد اعظم کے ناموں سے ہوئی ہے۔

ایم ایس میو اسپتال کا کہنا ہے کہ 12 افراد کی لاشیں اور زخمی اسپتال لایا گیا، زیادہ تر ہلاکتیں دم گھٹنے کے باعث ہوئیں، 9 کی لاشیں ایمرجنسی جبکہ 4مردہ خانے میں رکھوا دی گئی ہیں، زخمی کے جسم کا 15 فیصد حصہ جھلسا ہے۔

ریسکیو ٹیموں نے ڈیڑھ گھنٹے کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا، کولنگ کا عمل جاری ہے، تنگ گلیوں کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

وزیراعظم نواز شریف نے تجارتی پلازہ میں آگ لگنے اور انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا۔

لاہور کے تاجروں نے تجارتی عمارت میں آگ لگنے کے واقعے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر کل یوم سوگ منانے کا اعلان کردیا، شہر میں مارکیٹیں اور کارباری مراکز بند رکھے جائیں گے۔ سماء

لاہور

آگ

green

Tabool ads will show in this div