آرمی چیف کی زیر صدارت ایپکس اجلاس، آئی ڈی پیز کی مرحلہ وار واپسی کا فیصلہ
اسٹاف رپورٹ
پشاور : آرمی چیف کی زیر صدارت پشاور میں ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں آئندہ ماہ سے آئی ڈی پیز کی مراحلہ وار واپسی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جنرل راحیل شریف نے ایف سی کو 4 ہزار نئی رائفلیں دینے کا اعلان کیا اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنے پر فاٹا اور خیبر پختونخوا کے عوام کو خراج تحسین پیش کیا، کہتے ہیں نہ صرف دہشت گردوں بلکہ ان کے مددگاروں کا بھی خاتمہ کیا جائے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ایپکس کمیٹی پشاور کے اجلاس میں نیشل ایکشن پلان پر عملدرآمد، صوبے کی داخلی سیکیورٹی صورتحال، آئی ڈی پیز کی واپسی، آپریشن ضربِ عضب اور خیبر ون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا آئندہ ماہ سے آئی ڈی پیز کی مراحلہ وار واپسی شروع کی جائے گی، فوج، حکومت اور فاٹا انتظامیہ متاثرین کی واپسی یقینی بنائے گی، آئی ڈی پیز کی دوبارہ آباد کاری کیلئے جامع منصوبہ ترتیب دیدیا گیا ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف قومی لائحہ عمل پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور نہ صرف دہشت گردوں بلکہ ان کے مددگاروں کا بھی خاتمہ کریں گے، سربراہ پاک فوج نے ایف سی کو 4 ہزار نئی اے کے 47 رائفلیں فراہم کرنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے فاٹا اور خیبر پختونخوا کے عوام کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان علاقوں کے عوام بلند عزم کے ساتھ دہشت گردی کا مقابلہ کر رہے ہیں، بہادر قبائلیوں اور صوبے کے عوام نے ہمت سے مقابلہ کرکے دہشتگردوں کو تنہا کر دیا ہے، فوج آئی ڈی پیز کی واپسی میں سیاسی قیادت اور فاٹا انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔
اس موقع پر گورنر، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ دہشتگردی اور انتہاء پسندی کے خاتمہ کا پختہ عزم کئے ہوئے ہیں، علاقے میں امن و استحکام کیلئے انتھک محنت کریں گے۔ سماء