Technology

گوگل نے علی بابا کی ملکیت یوسی براؤزر کو بند کردیا

Nov 18, 2017

ممبئی : معروف سرچ انجن گوگل نے اپنے پلے اسٹور سے یو سی براؤزر کو ہٹا دیا، جس کے بعد اسمارٹ فونز استعمال کرنے والے بھارتی شہری ایک ماہ تک یو سی براؤزر انسٹال نہیں کرسکیں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے بلومبرگ کے مطابق گوگل نے بھارتی پلے اسٹور پر ایپ یو سی براؤزر کو بند کردیا ہے، جس کے بعد اب اینڈروائیڈ فونز استعمال کرنے والے بھارتی شہری ایک ماہ تک یو سی براؤزر انسٹال نہیں کرسکیں گے۔

گوگل نے یہ فیصلہ یو سی براؤزر کی جانب سے صارفین کی ذاتی معلومات اور ڈیٹا ان کی اجازت کے بغیر اسٹور کرنے کی شکایتوں پر کارروائی کرتے ہوئے کیا ہے۔

یو سی براؤزر چین کی ای کامرس کمپنی علی بابا کی ملکیت ہے اور گزشتہ دو ماہ سے اس کمپنی کے خلاف شکایات موصول ہورہی تھیں کہ کمپنی بغیر اجازت صارفین کی ذاتی معلومات اور ڈیٹا چین میں اپنے سرور پر بھیج رہی ہے۔

گوگل نے بھی یو سی براؤزر کی سرگرمیوں کو اپنی پالیسیوں کے خلاف قرار دیا۔

یو سی ویب کی جانب سے موصول ہونےوالی ای میل میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ یو سی براؤزر کو بھارت میں گوگل پلے اسٹور سے 30 دنوں کےلیے عارضی طور پر ہٹا دیا گیا ہے۔ یو سی ویب کے مطابق دنیا بھر میں تقریباً 500 ملین صارفین نے اس براؤزر کو ڈاؤن لوڈ کیا تھا۔ صرف بھارت میں 10کروڑلوگ یہ براؤزر استعمال کرتے ہیں۔ سماء

SMART PHONE

ali baba

PLAY STORE

customer Data

Tabool ads will show in this div