پی پی پارلیمانی پارٹی فوجی عدالتوں کے قیام پر تقسیم
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد : پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی فوجی عدالتوں کے قیام پر تقسیم ہو گئی، بھٹو کی برسی کی وجہ سے خورشید شاہ بل آج قومی اسمبلی میں منظور نہ کرنے کا مطالبہ کریں گے۔
پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی آج بھی فوجی عدالتوں کے معاملے پر تقسیم نظر آئی، بعض ارکان نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں فوجی عدالتوں کے قیام کی مخالفت کردی۔
رضا ربانی اور نفیسہ شاہ سمیت کئی ارکان نے فوج کی زیرنگرانی عدالتوں کی سخت مخالفت کی جبکہ اعتزاز احسن نے فوجی عدالتوں کے قیام سے متعلق اجلاس کو بریفنگ دی۔
کئی ارکان کی مخالفت پر پیپلزپارٹی رہنماؤں نے خورشید شاہ کو مشورہ دیا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کی وجہ سے فوجی عدالتوں کے قیام سے متعلق بل آج منظور نہ کیا جائے۔
پارلیمانی پارٹی نے مطالبہ کیا کہ بل کی منظوری کل تک مؤخر کی جائے، اجلاس میں طے پایا کہ قائد حزب اختلاف خورشید شاہ آج اسمبلی میں بل منظوری کیلئے پیش نہ کرنے کا مطالبہ کریں گے۔ سماء