بحرین سےمضبوط تجارتی اوراقتصادی تعلقات کےخواہاں ہیں،وزیراعظم
ویب ایڈیٹر:
اسلام آباد : وزیراعظم میاں محمد نواز شریف دو روزہ دورے پر بحرین روانہ ہوگئے، دورے کے دوران وزیراعظم دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بحرین کی قیادت سے بات چیت کریں گے۔
وزیراعظم میاں محمد نواز شریف بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ اور وزیر اعظم شیخ خلیفہ بن سلمان الخلیفہ کی خصوصی دعوت پر دورہ کررہے ہیں، سرکاری دورے کے دوران وزیر اعظم بحرین کی قیادت سے وہ دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری کے فروغ، توانائی کے شعبے میں تعاون، بحرین میں پاکستانی افرادی قوت کی فراہمی اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات بہتر بنانے پر گفتگو کریں گے۔
بحرین روانگی سے قبل ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفت گو میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلیجی عرب ممالک سے انتہائی دیرینہ تعلقات ہیں، دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی، ان کا کہنا تھا کہ پاک بحرین تعلقات مشترکہ تاریخ، مذہب اور ثقافت پر مبنی ہیں، باہمی تجارتی حجم 20کروڑڈالر سے بڑھانے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ بحرین سے مضبوط تجارتی اور اقتصادی تعلقات کے خواہاں ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے پاکستان کا دورہ کیا تھا جو گزشتہ 40 سال کے دوران بحرین کے کسی بھی بادشاہ کا پاکستان یہ پہلا دورہ تھا۔ سماء