بھارت سے تعلقات امیدوں کے مطابق نہیں، وزیراعظم نواز شریف
اسٹاف رپورٹ
دوحا : وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ بھارت سے تعلقات امیدوں کے مطابق نہیں ہیں، بحرین میں پاکستان کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خارجہ سیکریٹری مذاکرات منسوخ کرنے کی جو وجہ پیش کی گئی وہ بھی بہت عجیب اور مضحکہ خیز تھی، وزرائے اعظم ملاقات میں طے ہونیوالے معاملے کو یوں ختم نہیں کرنا چاہئے تھا۔
وزیراعظم نے ان واقعات کا بھی ذکر کیا جو بھارت سے اچھے تعلقات کی امیدیں پوری نہ ہونے کا سبب بنیں، بحرین میں پاکستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ سال 25 اگست کو ہونے والے خارجہ سیکریٹری مذاکرات کو صرف تین دن پہلے یکطرفہ طور پر منسوخ کیا گیا اور اس کی جو وجہ بتائی گئی وہ بہت ہی عیجب اور مضحکہ خیز تھی، پاکستانی ہائی کمشنر کا کشمیری رہنماؤں سے ملنا کوئی نئی بات نہیں مگر دونوں وزرائے اعظم کی ملاقات میں طے ہونیوالے معاملے کو اس طرح ختم نہیں کرنا چاہئے تھا۔
وزیراعظم نے کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر فائرنگ کو بھی پاک بھارت تعلقات میں خرابی کی وجہ قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ فائرنگ کی ابتداء دوسری جانب سے ہی ہوتی ہے۔
وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہوں نے پورے خلوص کے ساتھ بھارت سے تعلقات بہتر کرنے کی کوشش کی تھی مگر دوسری جانب کا رد عمل ان کی امیدوں کے برعکس نظر آرہا ہے۔ سماء