ایران،عراق خوفناک زلزلہ،ہلاکتیں450تک جاپہنچیں،7ہزار زخمی
تہران / بغداد : ایران اور عراق میں گزشتہ روز آئے خوف ناک زلزلے سے جاں بحق افراد کی تعداد 450 سے تجاوز کرگئی ہے، جب کہ عراق میں 10 افراد جاں بحق ہوئے۔ دونوں ممالک میں زخمی افراد کی تعداد بھی سات ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، جب کہ کئی ہزاروں افراد بے گھر ہوئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق ایران اور عراق میں تباہ کن زلزلے سے جاں بحق افراد کی تعداد چار سو پچاس سے بڑھ گئی۔

زلزلے سے سات ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں، ایران کے سرحدی علاقے میں ریسکیو کا عمل مکمل کر لیا گیا۔
اتوار اور پیر کی درمیانی شب آنے والے زلزلے سے سب سے زیادہ تباہی سرحدی علاقوں میں ہوئی، جہاں درجنوں عمارتیں ملبے کا ڈھیر بنی ہوئی ہیں۔
امدادی کارکن سارا دن ملبے میں دبے افراد کو تلاش کرتے رہے۔

علاقے میں فیلڈ اسپتال قائم کر دیے گئے ہیں، جب کہ زیادہ زخمی افراد کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے تہران منتقل کیا گیا ہے۔
متاثرہ علاقوں میں کم سہولیات کے باعث دوسرے روز بھی لوگوں نے رات کھلے آسمان تلے گزاری۔

پاکستان کی جانب سے ایران اور عراق کی امداد کی بھی پیشکش کی گئی ہے۔ سماء