کیا یہ ماسی خیراں کا گھرہے؟
اسلام آباد: وزرا کی فوج ظفر فوج کے باوجود آج سینیٹ میں صرف ایک وزیر حاضرہوا تو چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے احتجاجاً اجلاس ہی ملتوی کر دیا ۔ کہتے ہیں کیا وزراء کی تلاش کیلئے اخباروں میں اشتہار دوں؟؟ وزراء اور سیکرٹریز کو معطل کرنے کی دھمکی بھی دے دی۔
چیئرمین سینیٹ کی جانب سے کئی دفعہ برہمی کا اظہارکرنے اور احتجاجاً کام بھی بند کرنے کے باوجود وزراء کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کے لیے نولفٹ کا بورڈ برقرار ہے۔
ایوان میں وزراء کی غیر حاضری معمول بن گئی ۔ چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے وزراء کے رویے کو غیر ذمہ درانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایوان میں صرف ایک وزیر موجود ہے ۔ وزراء بیرون ملک ہیں ۔ کیا حکومت بیرون ملک سے چلائی جا رہی ہے؟۔
رضا ربانی کا کہنا تھا کہ کیا وزراء کی تلاش کیلئے اخباروں میں اشتہار دیں۔سوالات پر وزارتیں پنگ پانگ کا سلسلسہ بند کریں ۔ آئندہ بغیر نوٹس ایوان سے غیرحاضر وزراء کے خلاف کارروائی ہو گی، یہ پارلیمنٹ ہے راج واڑا نہیں ۔
دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خرچے سے متعلق پوچھا گیا تو وفاقی وزیر بلیغ الرحمان نے بتایا کہ حکومت کے پاس درست اعداود شمار نہیں ہیں ۔جس پر چیئرمین سینیٹ نے پوچھا آپ کیسے کہہ سکتے ہیں ۔ حکومت کے پاس اعداود شمار دستیاب نہیں کیا یہ ماسی خیراں کا گھر ہے جس کا حساب دستیاب نہیں ہے ۔
وزراء کی عدم حاضری پر چیئرمین سینیٹ نے احتجاجاً اجلاس غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا۔ سماء