لاہور،خوشیوں کونظرلگ گئی،دلہن سمیت پانچ افراد جاں بحق،20زخمی
اسٹاف رپورٹ
لاہور : شاد باغ میں مہندی کی تقریب کے دوران شادی ہال کی دیوار گر گئی، بدقسمت حادثے میں دلہن سمیت پانچ افراد جاں بحق اور بیس زخمی ہوگئے، افسوسناک واقعے کا وزیراعلیٰ نے نوٹس لے لیا، تحقیقاتی کمیٹی بنا دی گئی۔
شاد باغ میں غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا، خوشیوں بھری تقریب پر دیوار گرگئی، جہاں شادیانے بج رہے تھے وہاں ماتم شروع ہوگیا، نئے شادی ہال میں پہلی تقریب ہی ادھوری رہ گئی، عینی شاہدین بتاتے ہیں کہ دیوار گرنے سے بہت زوردار دھماکا ہوا۔
حادثے کے بعد لاشیں اور زخمی اسپتال پہنچائے گئے، جائے حادثہ پر افراتفری مچ گئی، رشتے دار غم سے نڈھال تو بچے زخموں سے چور، زرق برق لباس میں خواتین روتی چلاتی رہ گئیں۔
حکام بھی رات گئے اسپتال پہنچے اور بتایا کہ افسوسناک واقعے کی تحقیقات شروع کر دی، کچھ لوگ حراست بھی لے لیے گئے۔ علاقے کے بعض سوگوار افراد کا کہنا تھا کہ ہال میں تقریب کا ٹائم دس بجے تک تھا، بروقت تقریب ختم ہو جاتی تو شاید جانیں ضائع نہ ہوتیں، وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ سماء